بھٹکل ، 26/ ستمبر (ایس او نیوز) حالیہ دنوں میں انجمن آرٹس، سائنس اور کامرس ڈگری کالج و پوسٹ گریجویشن سینٹر کے طلبہ کی طرف سے کرناٹکا یونیورسٹی سطح پر شاندار کامیابی درج کرنے کے ساتھ گولڈ میڈلس، یونیورسٹی رینکس اور نقد انعامات حاصل کرنے کا سلسلہ جاری ہے جس سے کالج کا نام پورے ضلع اور علاقے میں روشن ہو رہا ہے ۔
اسی سلسلے کی کڑی کے طور پر گزشتہ سال کی طرح امسال بھی انجمن حامئی مسلمین کے تحت چلنے والے اس کالج کے دو طلبہ نے یونیورسٹی رینک حاصل کیا۔ اس میں کامرس سیکشن کے طالب علم محی الدین اصباح نے یونیورسٹی سطح پر 9 واں رینک حاصل کیا۔ اس طالب علم نے آخری سال میں چھ میں سے پانچ مضامین میں صد فی صد مارکس حاصل کیے ہیں۔
آرٹس سیکشن کی انتہائی ذہین طالبہ پوجا پرکاش نائک نے یونیورسٹی سطح پر تیسرا رینک حاصل کرنے کے علاوہ دو گولڈ میڈلس اور تین نقد انعامات بھی حاصل کئے ہیں اور انجمن کا نام روشن کیا ہے۔
کنڑا مضمون میں سب سے زیادہ مارکس حاصل کرنے والی پوجا نائک کو 'آنجہانی میرجی انا راو شیڈبال گولڈ میڈل' اور'آنجہانی ٹیچر ملّپّا نینگپّا انگلگی میموریل گولڈ میڈل' سے نوازا گیا ۔ اسی کے ساتھ کنڑا مضمون کے لئے اسٹیٹ بینک آف میسورو کی طرف سے بھارت رتن سر ایم ویشویشوریّا کے نام پر دیا جانے والا نقد انعام بھی پوجا کے حصے میں آیا۔ اس کے علاوہ بی اے میں بہترین کارکردگی کے لئے پوجا نائک کو اوشا اوالیکر نقد انعام سے بھی نوازا گیا۔
خیال رہے کہ گزشتہ سال بھی کنڑا میں صد فی صد مارکس حاصل کرنے کی وجہ سے یونیورسٹی کے سالانہ اجلاس میں انہیں اعزاز سے نوازا گیا تھا۔
کرناٹکا یونیورسٹی کے گاندھی بھون میں منعقدہ 74 ویں سالانہ اجلاس کے موقع پر گورنر آف کرناٹکا کی غیر موجودگی میں وزیر برائے اعلیٰ تعلیم ڈاکٹر ایم ایس سدھاکر کے ہاتھوں پوجا نائک کو میڈلس کے ساتھ سند تفویض کی گئی۔
مجموعی طور پر ان دنوں انجمن کالج اور خصوصی طور پر آرٹس سیکشن کی کارکردگی بہتر سے بہترین کی طرف رواں دواں ہے جہاں گریجویشن اور پوسٹ گریجویشن کے طلبہ نمایاں کامیابی درج کر رہے ہیں ۔ گزشتہ سال اسی کالج کے کمار شریاس نائیک نے رینک کے علاوہ کنڑا مضمون میں تین گولڈ میڈلس اور نقد انعامات حاصل کیے تھے۔
انجمن حامئی مسلمین کی انتظامیہ، کالج کے پرنسپال، اساتذہ، اسٹاف اور طلبہ نے نمایاں کارکردگی کے ساتھ کالج کا نام روشن کرنے والے انعام یافتہ اسٹوڈنٹس کی ستائش کی ہے۔